صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    ہمارا رابطہ
پیر 23 جولائی 2018 

ڈینگی لارواکو تلاش کر کے فوری تلف کیا جائے ، نگران وزیر اعلیٰ

سرکاری خبر نامہ | بدھ 11 جولائی 2018 

پشاور (سرکاری خبر نامہ) خیبرپختونخوا کے نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) دوست محمد خان نے اچینی بالا پشاور میں ڈینگی لاروا سے چار شہریوں کے متاثر ہونے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے متاثرین کی فوری طبی امداد اور بلا تاخیر بڑے پیمانے پر حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی ہے ۔ اُنہوںنے سیکرٹری صحت ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کو الرٹ کیا ہے اور متعلقہ عملے کی چھٹیاں منسوخ کرنے ، ڈینگی لاروا کو تلاش کرکے فوری طور پر تلف کرنے کی ہدایت کی ہے ۔انہوںنے ہدایت کی کہ شہر بھر میں جہاں بھی پانی کھڑ ا ہو اُس کو فوری طورپر ختم کریں اور بصورت دیگر کھڑے پانی میں باقاعدگی سے سپرے یقینی بنائیں ۔ اُنہوںنے تمام شہریوں سے بھی اپیل کی کہ صوبے بھر میں جہاں بھی ڈینگی لاروا کی نشاندہی ہو تو فوری طور پر کنٹرول روم سے رابطہ کریں ۔ تاکہ مقرر کردہ ٹیم مریضوں کو ہسپتال پہنچانے کا بندوبست کر سکے اور ڈینگی لاروا کا سدباب ممکن ہو سکے تاکہ اس کو بڑے پیمانے پر پھیلنے سے روکا جا سکے ۔ اُنہوںنے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کل تک پشاور میں سنٹرل کنٹرول روم قائم کیا جائے جس میں 24 گھنٹے عملہ موجود ہو جو ٹیلی فون اور دیگر ذرائع سے معلومات وصول کر سکے ۔کنٹرول روم ڈینگی کے کیسز ، اُٹھائے گئے اقدامات اور دیگر معاملات سے متعلق ہفتہ میں دو مرتبہ سیکرٹری صحت، چیف سیکرٹری اور وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کو رپورٹ دینے کا پابند ہو گا۔ انہوںنے لوکل گورنمنٹ کو ضلع ، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر ڈینگی سے بچائو کی اقدامات کی نگرانی کیلئے مانیٹرنگ میکنزم وضع کرنے کی ہدایت کی جو ہفتہ وار رپورٹ فراہم کرے گا۔ محکمہ صحت کو ہسپتالوں میں ڈینگی کے متاثرین کیلئے علیحدہ وارڈز کی تخصیص اور تمام مطلوبہ ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔نگران وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ محکمہ اطلاعات پرنٹ ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے ڈینگی سے حفاظتی اقدامات سے متعلق شہریوں کی مناسب اور متواتر آگاہی یقینی بنائے گا ۔ نگران وزیراعلیٰ نے شہروں میں مقامی پولیس ، مقامی حکومتوں کے ناظمین اور افسران کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقوں میں ہنگامی طو رپر ڈینگی کے تدارک کیلئے اقدامات شروع کریں اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس براہ راست وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری کو ارسال کریں ۔

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
© 2018 All Rights of Publications are Reserved by Daily Subh.
Developed by: SuperWebz.com
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2018 روزنامہ صبح۔