صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    ہمارا رابطہ
پیر 24 ستمبر 2018 
  • کرپشن کے خلاف ہنگامی بنیادوں پر جہاد ہو گا ، محمود خان
  • اللّٰلہ سے وعدہ ہے کہ کڑا حساب کرونگا ، وزیر اعظم
  • عمران خان شہباز شریف کو شکست دیکر وزیر اعظم بن گئے
  • سردار عثمان بزدار کو وزیر اعلیٰ پنجاب نامزد کر دیا گیا
  • منی لانڈرنگ کیس، عدالت سے آصف زرداری کی گرفتاری کا حکم
  • رائو انوار کی ضمانت منسوخ کروانے کیلئے درخواست دائر

شہید ہارون بلور ہزاروں اشک بار آنکھوں کے سامنے پشاور میں سپرد خاک

نیوز رپورٹر | جمعرات 12 جولائی 2018 

پشاور (نیوز رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما بیرسٹر ہارون بلور شہید کو گذشتہ روز سہ پہر میں ہزاروں اشکبار آنکھوں کے سامنے سپردخاک کر دیا گیا ان کی آخری آرام گاہ سید حسن پیر قبرستان میں ان کے والد بشیر احمد بلور شہید کے پہلو میں بنائی گئی ہے تدفین کی رسومات پانچ بجے سہ پہر ادا کی گئیں ہارون بلور منگل کی شب ایک خودکش بم دھماکہ میں اپنی پارٹی کے تقریباً 21 کارکنوں کے ساتھ اس وقت شہید کر  دئیے گئے تھے جب وہ اندرون شہر یکہ توت میں انتخابی جلسہ میں شریک تھے تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان خالد عمرخراسانی نے بدھ کے روز میڈیا کو ایک بیان کے ذریعے یکہ توت دھماکے کی ذمہ داری قبول کر لی ہارون بلور کی نماز جنازہ وزیر باغ فٹ بال گرائونڈ میں ادا کی گئی جس میں ملک بھر سے آئے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنمائوں ' کارکنوں دیگر سیاسی جماعتوں کے اکابرین اور سرکاری و فوجی حکام کے علاوہ بلور خاندان کے دوستوں اور عزیزوں نے شرکت کی ۔ خیبر پختونخوا کے گورنر انجینئر اقبال ظفر جھگڑا بھی نماز جنازہ میں شریک تھے اے این پی کے مرکزی رہنما اسفند یار ولی خان کے صاحبزادے ایمل ولی خان ' پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی اور ان کے سیاسی رفیق سردار حسین بابک ' میاں افتخار حسین ' سابق سینیٹر زاہد خان اور پشاور کے مقامی رہنمائوں اور دور دراز علاقوں سے آئے ہوئے اے این پی کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شہید کی نماز جنازہ اور تدفین کی رسومات میں شرکت کی۔ ہارون بلور کے تایا حاجی غلام احمد بلور ' چچا الیاس بلور اور بلور خاندان کے نوجوانوں دانیال بلور ' اور غضنفر بلور سے شرکاء نے روایتی انداز میں تعزیت کی اور شہداء کے درجات کی بلندی کی دعا کی قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپائو بھی جنازہ کی رسومات میں شریک تھے شہید کے لواحقین اور سینکڑوں دوستوں پارٹی کارکنوں کو نماز جنازہ اور تدفین میں اشکبار دیکھا گیا سوگواروں نے اس بات کو شدت سے محسوس کیا کہ شہید بلور کا جوان سال بیٹا نہایت صبر و استقامت کے ساتھ سوگواروں کو تسلی اور دلاسہ دے رہا تھا جنازے میں نمایاں طور پر پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین کو دیکھا گیا ۔ ہارون بلور کی تدفین ان کے آبائی قبرستان میں ہوئی جبکہ دیگر 22 شہداء کو شہر کے مختلف قبرستانوں میں سپردخاک کیا گیا اس موقع پر اے این پی کے کارکنوں کا جوش و خروش دیدنی تھا جو نماز جنازہ کے جلوس کے دوران اور تدفین کے موقع پر اللّٰلہ اکبر کے نعرے بلند کر رہے تھے پشاور کے باسیوں کا کہنا ہے کہ شہر میں اس قدر بڑا جنازہ کافی عرصہ کے بعد دیکھنے میں آیا ہے بعض لوگوں کا خیال ہے کہ ہارون بلور کا جنازہ ان کے والد کا 2012ء میں ہونے والا جنازہ شرکاء کے اعتبار سے کافی بڑا تھا پشاور اور خیبر پختونخوا کے علاوہ ملک بھر سے موصول ہونے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ کوئٹہ ' کراچی ' لاہور اور ملتان کے علاوہ صوبہ کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں یکہ توت کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے احتجاجی جلوس نکالے گئے کم و بیش تمام سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں اور نمائندوں نے شہداء کے جنازوں میں شرکت کی ۔ پشاور شہر میں کاروبار عمومی طور پر بند رہے اور صوبہ بھر میں یکہ توت سانحہ کے غم کا سوگ اور احتجاج دیکھنے میں آیا ۔

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
© 2018 All Rights of Publications are Reserved by Daily Subh.
Developed by: SuperWebz.com
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2018 روزنامہ صبح۔